(سٹی42) وزیراعظم عمران خان آج 68 برس کے ہوگئے،سالگرہ کے موقع پر ٹویٹر پران کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ دوستوں کے ہمراہ پتنگ اُڑاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے زندگی کی 68 بہاریں دیکھ لیں،وہ آج اپنی سالگرہ منائیں گے، وزیراعظم عمران خان پانچ اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے،دنیا بھر سے عمران خان کو مبارکباد کے پیغامات دیئے جا رہے ہیں،ان کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک نایاب ویڈیو زیر گردش ہے جس میں عمران خان بسنت مناتے پیچا لگاتے خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی سالگرہ کا دن ٹویٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونےوالی ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان لاہور میں بادشاہی مسجد کے پاس کسی مکان کی چھت پر کھڑے اپنے دوستوں کے ساتھ بسنت منارہے ہیں،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان نے روایتی لباس شلوار قمیص میں ملبوس اور آنکھوں پر کالے چشمہ لگایا ہوا ہے۔
ویڈیو میں عمران خان کو کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں سے پوچھ رہے ہیں کہ مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ پیچا لگا ہوا بھی ہے کہ نہیں۔ بسنت میں براؤن اور لال پتنگ کے ساتھ مقابلہ کرتے عمران خان اپنی توجہ اپنی پتنگ پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ویڈٖیو جیسے ہی سامنے آئی تو صارفین کو اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا،بعدازاں پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے چاہنے والوں نے اس ویڈیو کو خوب پسند کیا اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس کو شیئر کررہے ہیں۔کمنٹس سکیشن میں مداحوں کی جانب سےعمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی جارہی ہے۔