حضرت داتا گنج بخشؒ کےعرس کی تقریبات شروع

6 Oct, 2020 | 09:52 AM

M .SAJID .KHAN

(شاہدسپرا/عرفان ملک)حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری ؒکا 977واں عرس لاہور پولیس کے زائرین عرس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئےانتظامات مکمل ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کاکہنا تھا کہ 2ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔3ایس پیز،07ڈی ایس پیز، 28انسپکٹرز،228اپر سب آرڈینیٹس ڈیوٹی پر مامور ہوں گے،زائرین کوتین درجاتی چیکنگ میکانزم سےمکمل تلاشی کے بعد ہی احاطہ مزار میں داخلے کی اجازت ہوگی۔چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرزکا استعمال یقینی بنایا جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہناتھا کہ مزار حضرت داتاصاحب اور بلند عمارتوں پر تعینات سنائپرز اطراف کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھیں گے۔مشتبہ افراد، لاوارث سامان،موٹر سائیکلز اور گاڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھیں،پارکنگ مناسب فاصلہ پر ہو۔داتا دربار کی ملحقہ گلیاں مکمل سیل ہونگی، غیر متعلقہ اشخاص کو گذرنے کی قطعی اجازت نہ دیں۔

داتادربار جانے والے راستوں پر تجاوزات کا خاتمہ،سٹریٹ لائٹس کی درستگی یقینی بنائی جائے۔ایس ایس آپریشنز،ایس پی سٹی اورمتعلقہ پولیس افسران منتظمین دربار کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس ٹیمیں دربار اور ملحقہ سڑکوں پر موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔

دودھ سبیلوں اور لنگر کی تقسیم کے وقت سکیورٹی کا خیال رکھیں، دھکم پیل اور لوگوں کا رش نہ لگنے دیں۔پولیس اور سکیورٹی عملہ عرس میں شرکت کرنے والے زائرین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔منتظمین عرس کورونا وبا کے خطرات کے پیش نظر زائرین کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ کی ایس او پیز پر عملدرامد کی تاکید کریں۔

واضح رہے کہ حضرت سید علی بن عثمان الجویری کے 977ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ استقبالیہ تقریبات کا آغاز ہوگیا،محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب نے انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔عرس تقریبات کا باقاعدہ آغاز رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے  کیاگیا۔
رسم چادر پوشی کے بعد جامعہ مسجد میں قومی محفل حسن قرات کا آغاز ہوا،عرس تقریبات کے دوران محفل نعت اور روحانی اجتماعات بھی منعقد کیے جائیں گے،دوسرے روز سماع ہال میں محفل سماع کا بھی آغاز ہو جائےگا،جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دعا کے ساتھ تقریبات اختتام پذیر ہو جائیں گی جبکہ عرس تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

آج روز دودھ سبیل کا بھی افتتاح ہو گا۔ پنجاب حکومت نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس پر لاہور میں عام مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس کا پنجاب حکومت نے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔شہر بھر میں8 اکتوبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، تمام تعلیمی ادارے اور ضلعی محکمہ جات کے دفاتر بند رہیں گے جبکہ سول سیکرٹریٹ معمول کے مطابق کھلا رہے گا۔  

مزیدخبریں