(علی اکبر) پنجاب حکومت کی جانب سے میو ہسپتال کی لفٹ میں پھنسنے سے جاں بحق ہونے والے فہد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ کی مالی امداد کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےجاں بحق ہو نے والے لڑکے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کرتے ہوئے انکی مالی امداد کا اعلان کیا، پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے کی امداد دے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ انکی تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نےافسوسناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، سردار عثمان بزدار نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز میو ہسپتال میں آپریٹر کے موجود نہ ہونے کے سبب لفٹ کے درمیان خلا میں 12 سالہ بچے فہد کا سر پھنس گیا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو باہرنکالا اورایمرجنسی میں منتقل کیا جہاں وہ فوری طبی امداد ملنے کے باوجود جانبر نہ ہوسکا۔