عرفان ملک: لاہورمیں وکلاء گردی کا ایک اورواقعہ سامنے آگیا، وکلاء نے گذشتہ روز سب انسپکٹرپرتشدد کیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی عدالتوں میں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، سیشن عدالت میں جج کے سامنے کمرہ عدالت میں سب انسپکٹر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا، جس کے تمام منظر کورٹ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے محفوظ کر لیئے۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹرثمرریاض عدالت آیا تو وکلاء نے روک لیا اور دھکے دے کرکمرے سے نکالا اورمارتے ہوئے باہر لے آئے۔ عدالتی راہداری میں کھڑے پولیس اہلکار بھی پیٹی بھائی کو نہ بچا سکے، مارپیٹ کے دوران سب انسپکٹر کی وردی بھی پھاڑ دی گئی۔
پولیس نے دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کی دفعات سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔