ملک اشرف: پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے معاملہ پر ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، لارڈ میئر مبشرجاوید عدالت پیش ہوئے، مال روڈ پرپلازے کی تعمیر کے بارے میں دستیاب 15مرلہ جگہ کو پارکنگ پلازے کیلئے ناکافی قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر لارڈ مئیر مبشر جاوید نے رپورٹ سمیت پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ انہوں نے مال روڈ پر محکمہ اوقاف کی انتیس کینال اراضی کا موقع پر جاکر جائزہ لیا۔ وہ جگہ اب صرف پندرہ مرلے باقی ہے اور تکنیکی بنیادوں پر پارکنگ پلازہ کے لئے ناکافی ہے، مال روڈ پر تیس کینال اراضی پر پارکنگ پلازہ بنایا جاسکتا ہے لیکن اس کا کیس زیر سماعت ہے۔
لارڈ مئیر مبشر جاوید نے عدالتی سماعت کہ بعد سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں افراد نے ووٹ دے کر بلدیاتی نمائندے منتخب کئے، موجودہ حکومت کے بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنے پر احتجاج کررہے ہیں، موقف نہ سنا گیا تو لاہورہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
واضح رہے کہ عدالت نے فریقین کے وکلاء کو مزید دلائل کے لئے طلب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ریکارڈ سمیت عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔