انڈے کی زردی کھانی چاہئے یا نہیں؟ معمہ حل ہوگیا

5 Nov, 2024 | 07:52 PM

ویب ڈیسک: انڈے کی  زردی کے بارے میں اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ اس کو نہیں کھانا چاہیے کیونکہ یہ صحت کے لیے بہتر نہیں جبکہ کچھ لوگ اس کو صحت بخش قرار دیتے ہیں  ۔ اسی سوال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلتھ ایکسپرٹ کا ماننا ہے کہ انڈے کی زردی صحت کے لیے بہترین ہے ۔

 ہیلتھ ایکسپرٹ بوکارو کے سینئر آیورویدک معالج ڈاکٹر راجیش پاٹھک نے بتایا کہ ہمیں انڈے کھانے سے پہلے اپنی صحت کے مطابق کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے۔

 انڈے کی زردی وٹامن اے، ڈی، ای اور کے کا بہترین ذریعہ ہے، یہ کیلشیم اور فاسفورس جیسے اہم معدنیات سے بھی بھرپور ہے جو کہ ہڈیوں اور دانتوں کے لیے مفید ہیں۔

 انڈے کی زردی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کا بھی ایک اچھا ذریعہ ہے جو کہ دل اور دماغ کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، یہ اعلیٰ معیار کا پروٹین بھی فراہم کرتی ہے جو کہ پٹھوں کی نشوونما اور مرمت میں معاون ہے۔

 انڈے کے پیلے حصے میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، ایک بڑے انڈے کی زردی میں تقریباً 186 ملی گرام کولیسٹرول ہوتا ہے۔ اور یہ تو واضح ہے کہ کولیسٹرول بڑھنے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اسی لیے بہت سے لوگ اسے اپنی خوراک سے نکال دیتے ہیں۔

 تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے اعتدال میں کھانے سے کوئی منفی اثر نہیں پڑتا، خاص طور پر اگر آپ ایک فعال طرز زندگی گزارتے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ انڈے کا پیلا حصہ ہاضمے کے لیے مشکل نہیں ہوتا۔ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ اگر کسی کو انڈوں سے الرجی یا ہاضمے کا مسئلہ نہیں ہے تو اس کو کھانے سے ہاضمے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ابلے ہوئے انڈے ہضم کرنے میں آسان ہوتے ہیں۔ لیکن اگر آپ انڈوں کو فرائی کر رہے ہیں تو زیادہ پکے ہوئے انڈوں سے ہاضمے کو پریشانی ہوسکتی ہے۔ ہلکے تیل پکے یا ابلے ہوئے انڈوں کا استعمال بہتر ہوگا۔

مزیدخبریں