ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم پاکستان اور ہم منصب سے ملاقات،باہمی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار

5 Nov, 2024 | 07:30 PM

 سٹی 42:   وزیر اعظم  پاکستا ن شہباز شریف ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ نے الگ الگ ملاقات  کی،وزرائے خارجہ نے تجارت توانائی اور بارڈر مینجمنٹ میں مزید تعاون کا اعادہ کیا اور پاکستان ایران گہرے اور مضبوط تعلقات پر روشنی ڈالی۔وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

 ایران کے وزیر خارجہ کے طور پر پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر عراقچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،انہوں نے پاکستان کی ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، مزید برآں وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

 ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے خطے کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، فلسطینی عوام کی حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جاری نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کی اور اس حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت، بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور سب سے بڑھ کر فلسطینی عوام کو حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق جس کی انہیں اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کی ضمانت دی گئی ہے کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ 

  وزیر اعظم نے 26 اکتوبر 2024 کو ایران پر اسرائیل کےحملےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا،ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اصولی مؤقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال کے حوالے سے ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

  ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ  کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا وزرات خارجہ پہنچنے پر استقبال کیا ،دونوں وزرا ئےخارجہ نے ملاقات کے دوران پاکستان ایران گہرے اور مضبوط تعلقات پر روشنی ڈالی، وزرائے خارجہ نے تجارت توانائی اور بارڈر مینجمنٹ میں مزید تعاون کا اعادہ کیا،تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ عوام کے باہمی روابط کے فروغ پر زور دیا گیا۔ 

 وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و تعاون کے لیے ڈائیلاگ کی اہمیت کو اجاگر کیا ،ایرانی وزیر خارجہ نے خطے کے باہمی مفاد کے لیے مکمل معاونت کا اعادہ کیا،پاکستانی ایرانی وزرائے خارجہ نے مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی،دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔

مزیدخبریں