ویب ڈیسک : ائیر پورٹ پر اکثر یہی شکایات سننے کو ملتی ہیں کہ سامان گم ہوگیا۔ مسافر احتجاج بھی کرتے ہیں اپنی شکایات بھی درج کرواتے ہیں مگر ایسا اکثر ہوتا رہتا ہے لیکن دنیا میں ایک ایسا ائیر پورٹ بھی ہے جہاں کبھی کسی مسافر کا سامان گم نہیں ہوا۔
جاپان کے شہر اوساکا اور ٹوکیو کے قریب کنسائی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ذمہ داران کا دعویٰ ہے کہ یہاں پچھلے 30 برس میں کبھی کسی مسافر کا سامان گم نہیں ہوا۔
کہا جاتا ہے اس ہوائی اڈے پر تقریبا 3 ہزار بیگز روزانہ ہینڈل کیے جاتے ہیں اور وہ ہر مسافر کو اس تک اس کا سامان پہنچا دیتے ہیں ۔عملے کے مطابق یہ ان کی روٹین ہے۔
کانسائی ائیرپورٹ کی ہینڈلنگ کمپنی CKTS کے سپروائزر تسویوشی ہابوٹا نے بتایا کہ ’ہم صرف کام کرنے کے عمل اور اپنے اصولوں کی پیروی کرتے ہیں اورہم صرف وہی کرتے ہیں جو ہماری ڈیوٹی ہے ‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے کوئی خاص تربیت بھی نہیں ہوئی لیکن ان کی ٹیمیں مسافروں کے 3 ہزار سے زائد سامان کو توجہ سے سنبھال کر رکھتے ہیں اور سوٹ کیس کے ہینڈ ل اس رخ پر رکھتے ہیں جس سے مسافروں کے لیے سامان اٹھانا آسان ہو۔ عملے کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ کنسائی ائیرپورٹ پر ہوائی جہاز کی آمد کے محض 15 منٹ کے اندر سامان ٹرمینل کی عمارت کے اندر کیریسل پر آجاتا ہے تاکہ مسافروں کی پریشانی کم ہو۔
جاپان کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سے ایک کانسائی کو اپریل میں یوکے کی ایئرپورٹ ریٹنگ تنظیم SKYTRAX کی طرف سے سامان کی بروقت فراہمی کے لیے دنیا کا بہترین ہوائی اڈہ قرار دیا گیا تھا۔ اس پر ہوائی اڈے کے شریک سی ای او بینوا رولیو نے کہا، ’کانسائی ایئرپورٹ پر ہر شخص اس پر فخر کرتا ہے۔
تاہم ٹیکنالوجی کی بدولت عالمی سطح پر سامان کے کھوجانے کی تعداد کم ہوگئی ہے ۔
کہا جاتا ہے کہ مسافروں کی پروازوں کے درمیان کوئی کنکشن نہ ہو تو سامان عموماً صحیح طریقے سے سنبھالا جاتا ہے۔ لیکن اصل مسئلہ تب ہوتا ہے جب مسافروں کے پاس ایک پرواز سے دوسری پرواز کے لیے قلیل وقت ہوتا ہے۔