سٹی42: امریکہ میں صدارتی الیکشن کے لئے ارلی ووٹنگ میں پاکستان میں 5 نومبر کاآغاز ہونے تک6 کروڑ 64 لاکھ 43 ہزار شہری ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔ کچھ جھولتی ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کمیلا ہیرس کو زیادہ ووٹ ملے ہیں اور کچھ ریاستوں میں جہاں ٹرمپ 2020 میں بھی جیتے تھے، وہاں انہی کو زیادہ ووٹ ملے ہیں۔
کمیلا ہیرس کو جن جھولتی ریاستوں میں الیکشن ڈے سے پہلے پاکستان میں چار نومبر کی رات 12 بجے تک ڈالے گئے ووٹوں میں سے زیادہ ووٹ ملے ہیں انمیں مشی گن سٹیٹ کے ساتھ پینسلوینیا، وِسکونسن، نارتھ کیرولائینا شامل ہیں۔
نیواڈا، جورجیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کچھ زیادہ ووٹ مل رہے ہیں۔
یہ کوئی راز نہیں ہے کہ امریکی انتخابات کافی مہنگے ہوتے ہیں اور 2024 کا الیکشن اب تک کا سب سے مہنگا الیکشن ہو سکتا ہے۔
2024 کے الیکشن میں اخراجات کے حساب سے کمیلا ہیرس سب سے اوپر ہیں۔ فنانشل ٹائمز کے ایک حالیہ تجزیے کے مطابق کمیلا ہیرس دیر سے صدر کے الیکشن کی امیدوار بنیں لیکن انہوں نے جولائی 2024 میں امیدوار بننے کے بعد ٹرمپ کے جنوری 2023 سے لے کر اب تک کی پوری مدت کے مقابلے میں زیادہ رقم جمع کی اور زیادہ رقم خرچ کی۔ کمیلا ہیرس کی انتخابی مہم نے اشتہارات پر ٹرمپ کے مقابلے میں تقریباً دگنا خرچ کیا ہے۔
یہ عنصر ایک ایسے سخت مقابلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جہاں فیصلہ بالآخر سیاسی اشتہارات کا ہدف بننے والی سوئنگ سٹیٹس کے ووٹرز کریں گے۔