قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کےلئے پر عزم ہیں، ائیرچیف مارشل ظہیر احمد سِدھو

5 Nov, 2023 | 08:37 AM

سٹی42: پاک فضائیہ کے سربراہ  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ فضائیہ کے جوان قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہیں - ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان خیالات کا اظہار پاک فضائیہ کی جانب سے ناکام بنائے گئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کے دورہ کے دوران کیا۔

دورے کے دوران، ایئر چیف نے دشمنان وطن کو جہنم واصل کرکے دراندازی کی اس بزدلانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے سپوتوں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری  کو سراہا۔

 چیف آف دی ائیر سٹاف نے بیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے  وطن پر جان نچھاور کرنے کے انکے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے دہشتگرد تنظیموں اور انتہاء پسند عناصر  کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔انہوں نے بیس پر تعینات اہلکاروں کی حوصلے آفزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سویلین قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے لئے  بروقت مدد فراہم کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا "موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکسی اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے، ہم  قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہیں۔  پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ "

 پاک فضائیہ کے سربراہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کے لیئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ  کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں۔ یہ دورہ پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور لگن کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزیدخبریں