ٹرانسپورٹرز بھی حکومت کیخلاف میدان میں آگئے

5 Nov, 2021 | 02:58 PM

Arslan Sheikh

عثمان علیم: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز حکومت پر پھٹ پڑے، ٹرانسپورٹرز یونین کا کل سے شہر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان، آئے روز بڑھتی ہوئی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے ٹرانسپورٹرز کی کمر توڑ دی ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے یتیم خانہ روڈ کو بلاک کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ٹرانسپوٹرز کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے ٹرانسپورٹرز کی کمر توڑ دی ہے۔ کرائے مزید نہیں بڑھا سکتے لوگوں نے پہلے ہی سفر کرنا کم کر دیا ہے۔  

مہنگائی سے بے حال شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت آئے روز پیٹرول مہنگا کررہی ہے، عوام گھر چلائیں یا گاڑی چلائیں سمجھ نہیں آتا، عوامی سہولت کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے۔  تحریک انصاف نے غریب کو پہلے ہی پیس دیا ہے، قوت خرید ختم ہوگئی ہے۔ حکومت ریلیف دینے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔ 

عام آدمی کے ساتھ ساتھ مہنگائی نے تاجروں کو بھی پریشان کردیا ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ اتنی مہنگائی کسی دور حکومت میں نہیں ہوئی جتنی اس دور میں کی گئی ہے، تاجر ملکی معیشت کا پہیہ ہیں، اگر گاڑی کا پہیہ ہی نہیں چلنے دیں گے تو گاڑی کیسے چلے گی. تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوگی، جس سے گاہگ دکانوں کا رخ نہیں کرے گا اور ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوگی۔ 

واضح رہے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے ہوگئی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 142 روپے 62پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 6.27روپے اضافے سے 116روپے 53پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 5.72روپے اضافے سے114.07 روپے ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں