سائبر کرائم کا نشانہ بننے سے  بچیں اور بچائیں، اہم ٹپس

5 Nov, 2021 | 02:57 PM

Abdullah Nadeem

 ویب ڈیسک : سرکاری ادارے، پرائیوٹ کمپنیاں یا کاروبار مالکان سائبر کرائم سے بچنے کے لئے سکیورٹی کمپنیوں کی خدمات افورڈ کرسکتے ہیں لیکن چھوٹے اسٹارٹ اپس، آن لائن کاروبار اور عام  شہریوں سائبر کرائم سے کیسے بچ سکتے ہیں ۔

اس کے لئے آپ کو  درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا ہوگا:

1۔ لالچ میں مت آئیں، عوامی مقامات پر  سرکاری یا غیر سرکاری مفت وائے فائے سے  گریز کریں۔
2۔ اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ٹیبلیٹس کو ہمیشہ مضبوط پاس ورڈ کی مدد سے محفوظ رکھیں۔
3۔ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور آن لائن بینکنگ کے لیے ہجوں، نمبروں اور علامتوں کے امتزاج پر مشتمل پاس ورڈ بنائیں۔  تین سے چار الفاظ والے سادے ناموں پر مشتمل پاس ورڈ سے گریز کریں۔ کوشش کریں پاس ورڈ کچھ عرصے بعد تبدیل کردیں۔
4۔ اپنے تمام اکاؤنٹس کے لیے ایک ہی پاس ورڈ رکھنا مناسب نہیں۔ ایک اکاؤنٹ ہیک ہوا تو ہیکر کے لیے باقی اکاؤنٹس تک رسائی نہایت آسان ہو جاتی ہے۔ ہر اکاؤنٹ کے لیے مختلف پاس ورڈ استعمال کریں۔
5۔ اپنا پاس ورڈ ای میل، چیٹ یا ٹیکسٹ میسج کے ذریعے مت بھیجیں۔ کسی کے ساتھ بھی اپنا پاس ورڈ شیئر نہ کریں۔ انجان فون نمبرز، لاٹری ، انعام والوں، فیک کمپنیز، مالیاتی اداروں کی طرف سے کی جانے والی فون کالز ، وٹس ایپ مسیجز کے جواب مت دیں۔
6۔ ممکن حد تک اپنے آن لائن اکاؤنٹس پر  دو قدمی سکیورٹی  کا نفاذ کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کی شناخت کی توثیق میں ایک اور مرحلے کا اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے حملہ آور کے لیے آپ کے ڈیٹا تک رسائی مشکل ہوجاتی ہے۔
7۔فیس بک، ٹوئٹر، جی میل، واٹس ایپ اور بہت سی دوسری ایپلی کیشنز اپنے صارفین کے لیے دو مرحلوں پر مشتمل توثیق کا عمل ٹو فیکٹر آتھینٹیکیشن متعارف کروا چکی ہیں، ایپلی کیشن کی سیٹنگز میں جا کر ایکٹیویٹ  کریں۔۔
8۔ سوشل میڈیا کو خود کو ہروقت پبلک کے لئے قابل رسائی مت رکھیں۔ اپنی پرائیویسی سیٹنگز کو باقاعدگی سے چیک کریں اور اپنی مرضی کے مطابق اس بات کا تعین کریں کہ آپ دوسروں کے ساتھ کس حد تک اپنی معلومات اور شائع شدہ مواد شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
9۔ اپنی سوشل میڈیا پر موجودگی کو محتاط بنائیں۔ اپنے اکاؤنٹ سے کسی بھی قسم کا حساس یا مضر مواد شائع کرنے سے پہلے دو بار سوچیے۔
10۔ اگر آپ کو ایسی کوئی مشکوک ای میل، میسج یا ویب پیج نظر آئے جہاں آپ کی ذاتی یا مالی معلومات طلب کی جاتی ہیں تو جواب نہ دیں بلکہ فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔
11۔ کسی مشکوک ای میل یا پوسٹ پر موجود لنکس پر کلک کرنے سے ممکنہ حد تک گریز کریں۔ ایسے لنکس آپ کے اکاؤنٹ یا ڈیوائس کو مفلوج کرکے اس کا کنٹرول ہیکر کو دے دیتے ہیں۔
12۔ کسی بھی سافٹ ویئر یا ایپلی کیشن کو انسٹال کرتے وقت، یقینی بنائیں کہ آپ اسے قابل اعتماد ذریعے سے حاصل کر رہے ہیں۔
اسی طرح آپ اس بات کا یقین کر سکتے ہیں کہ آیا مذکورہ ایپلی کیشن گوگل پلے سے تصدیق شدہ ہے یا نہیں۔ غیرتصدیق شدہ ایپلی کیشنز کو انسٹال کرنے سے گریز کریں۔
13۔ اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ میں انسٹال شدہ ایپلی کیشنز کو باقاعدہ سے اپ ڈیٹ کریں۔ ایپ تخلیق کار ایپس کو بہتر بنانے پر مسلسل کام کرتے رہتے ہیں جس کا مقصد جدید ترین فیچرز متعارف کروانا اور سکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔

مزیدخبریں