(فاران یامین) پی ٹی آئی سرکار کے عوام کو پریشان کرنے والے ایک کے بعد ایک اقدامات، حکومت نے ایک بار پھر رات کے اندھیرے میں شہریوں پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔
حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 145 روپے 82 پیسے ہوگئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 142 روپے 62 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 5.72روپے اضافے سے114.07 روپے ہوگئی ، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 27 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لٹر ہوگئی ۔
شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کو مسترد کر دیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی نئی قیمت سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، تحریک انصاف نے غریب کو پہلے ہی پیس دیا ہے، قوت خرید ختم ہوگئی ہے،حکومت ریلیف دینے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔