( حافظ شہباز علی ) پنجاب اسکواش کمپلیکس دو ہفتے بعد کھلاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا، ادھر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے سپورٹس بورڈ پنجاب لان ٹینس اکیڈمی کا افتتاح کردیا۔
پنجاب اسکواش کمپلیکس 2 ہفتے قبل ایک آفیشل کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے پر بند کیا گیا تھا، پنجاب اسکواش کمپلیکس کی انتظامیہ کے مطابق پنجاب اسکواش کمپلیکس کو ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد کھلاڑیوں کیلئےکھولا گیا ہے۔
کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کیلئے اسکواش کمپلیکس 4 نومبر تک بند کیا گیا تھا ۔انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے سپورٹس بورڈ پنجاب لان ٹینس اکیڈمی کا افتتاح کردیا ہے۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں قائم انٹرنیشنل ٹینس کورٹ پرشروع ہونے والی اکیڈمی حکومت پنجاب کی سربراہی میں قائم ہونے والی پہلی ٹینس اکیڈمی ہے۔ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے شارٹ کھیل کر اکیڈمی کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ٹینس سٹارعشنا سہیل اور نور ملک کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا۔ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان میں کرکٹ اور گوجرہ میں ہاکی اکیڈمی کام کررہے ہیںل۔ رشید ملک سینئر آدمی ہیں ان کی خدمات حاصل کریں گے، امید ہے کہ رشید ملک کی اکیڈمی کے باعث مفادات کا ٹکراؤ نہیں ہوگا۔