( عابد چوہدری ) خون سفید ہوگیا، ہنجروال میں سفاک بیٹے نے چھریوں کے وار کر کے اپنی ماں کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم شہروز کو گرفتارکرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔
ایس پی صدر حفیظ الرحمان کے مطابق ہنجروال میں سگے بیٹے نے ماں ثمینہ خٹک ناز کو ناجائز تعلقات کے شبہ پر چھری سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ ملزم احمد شہروز اپنی والدہ کو قتل کرنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ 51 سالہ مقتولہ ثمینہ خٹک نے دو شادیاں کی تھیں اور دونوں شوہروں سے طلاق لے لی تھی۔
مقتولہ شوبز آرٹسٹ تھی اور شوبز کی دنیا میں نیناعلی کے نام سے جانی جاتی تھیں۔ پولیس نے ملزم احمد شہروز کو گرفتار کرکے آلہ قتل چھری اور گاڑی قبضہ میں لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ برسوں سے پنجاب کے مختلف شہروں میں جرائم کی شرح ایک اضافے کے ساتھ بڑھ رہی ہے، لاہور میں بڑھتے جرائم نے لوگوں کی ناک میں دم کررکھا ہے، آئے روز قتل کی واردات یازیادتی کے لرزہ خیز واقعات ہورہے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے پولیس کو گاڑیوں کی خریداری اور مینٹیننس کے لیے تین ارب 18 کروڑ کے اضافی فنڈز جاری ہوئے، لیکن لاہور سمیت پنجاب بھر میں جرائم گذشتہ سالوں کی نسبت بڑھے۔ متعد لوٹ مار کے واقعات میں 11 فیصد جبکہ قتل کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا ہے۔ دو ہزار انیس میں 2 ہزار436 افراد قتل ہوئے جبکہ 2020 میں 2 ہزار 593 افراد قتل ہوئے۔