سٹی42: پنجاب میں درآمد شدہ چینی کی سرکاری نرخوں پر فروخت شروع، پہلی کھیپ25 ہزار میٹرک ٹن میں سے 13 ہزارآٹھ سو میٹرک ٹن چینی اضلاع کو بھجوا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا اور چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بریفنگ دی گئی ہے کہ سہولت بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں درآمد شدہ چینی کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اشیاء کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے صوبے میں سہولت بازاروں کے قیام سمیت دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ ڈیلرز کے ذریعے ریٹیل دکانوں پر درآمد شدہ چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائے، درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف تک پہنچنا چاہئے، درآمد شدہ چینی کی ذخیرہ اندوزی یا کمرشل استعمال کیلئے فروخت کسی صورت نہ ہو۔
چیف سیکرٹری کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ خوراک کو چینی سے متعلق اپنی ڈیمانڈ سے متعلق آگاہ رکھے، ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی مارکیٹ میں سپلائی کے عمل میں ڈیلرزکو تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری، خوراک اور صنعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔