انتظامیہ ان ایکشن، قبضہ مافیا کو نوٹسز جاری

5 Nov, 2019 | 11:46 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد ) میٹروپولیٹن کارپوریشن کی بڑی کارروائی، سروسز ہسپتال انڈر پاس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کروڑوں مالیت کی ملکیت چار دکانیں واگزار کرالیں جبکہ قبضہ مافیا کو آٹھ سال کے واجبات ادا کرنے کے نوٹسز جاری کردیئے گئے۔

میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن زبیر وٹو کی قیادت میں شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ انفورسمنٹ عملے نے کارروائی کی۔ ایم او ریگولیشن زبیر وٹو کے مطابق کمشنر وایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل آصف بلال لودھی کے حکم پر کروڑوں مالیت کی پراپرٹی واگزار کرالی گئی۔ 2011 میں چاروں دکانوں کی نیلامی ایک کروڑ 87 لاکھ میں گئی۔ دکانوں کی نیلامی میں حصہ لینے والی فرمز نے صرف 50 ہزار فی کس جمع کرائے جبکہ باقی ماندہ رقم جمع نہیں کرائی۔

کامیاب بولی دینے والی چاروں فرمز نے 45 روز میں باقی رقم جمع کرانے کے بجائے سول کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا۔ آٹھ سال بعد عدالت سے سٹے آرڈر خارج کرانے میں کامیاب ہوئے۔ انتظامیہ نے دکانوں کا قبضہ واپس لیا ہے اور قبضہ مافیا سے آٹھ سال کے واجبات بھی وصول کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں