حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز

5 Nov, 2019 | 08:49 PM

Arslan Sheikh

( شاہد ندیم ) برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ کے 396 ویں سالانہ عرس کی دو روزہ تقریبات کا آغاز رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے ہو گیا، زائرین کی بڑی تعداد مزار شریف پر حاضری دینے آرہی ہے۔

عرس تقریبات کے آغاز پر حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر رسم چادر پوشی کی ادائیگی کی تقریب ہوئی جس میں صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ، ڈی جی مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، پاکستان تحریک انصاف کے راہنما شعیب صدیقی، مینجر دربار میاں میر احسان الحق سمیت زائرین اور عقیدت مند شریک ہوئے۔ تقریب میں محفل حمد ثناء منعقد ہوئی جس میں نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

عرس تقریبات میں زائرین اور عقیدت مند ٹولیوں کی شکل میں مزار شریف پر چادریں چڑھا رہے ہیں، احاطہ دربار میں خواتین چراغاں کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ملنگ ڈھول پر دھمال ڈال کر حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ کا کہنا ہے کہ اولیاء کرام نے دین اسلام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ عرس تقریبات کے دوران پولیس اور محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں