عمران خان بڑی مشکل میں پھنس گئے

5 May, 2023 | 04:09 PM

Bilal Arshad

احتشام کیانی: عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم لگانے کےلئے انہیں 10 مئی کو طلب کر لیا۔ سیشن عدالت نےعمران خان کو 10 مئی کو  ذاتی حیثیت میں عدالت میں حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر  دیا۔

تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت نے  گزشتہ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کی طرف  سے کیس کے قابل سماعت نہ ہونےکےمتعلق درخواست پر خواجہ حارث، الیکشن کمشن اور مسلم لیگ (ن) کے وکلا کے دلائل سنےتھے۔ خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ سیشن عدالت الیکشن کمشن کا بھیجا ہوا توشہ خانہ ریفرنس کیس سننے کی مجاز ہی نہیں۔ عدالت نےخواجہ حارث اورمخالف وکلا کے دلائل سننے کے بعدفیصلہ محفوظ کرکے سماعت جمعہ 5 مئی تک ملتوی کر دی تھی۔ یہ فیصلہ آج جمعہ کے روز جاری کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عدالت نےعمران خان کی دونوں درخواستیں مسترد کر کےالیکشن کمشن کے دلائل کو تسلیم کیا ہے، اور ملزم عمران خان کو حکم دیا ہے کہ وہ 10 مئی کو خود عدالت میں حاضر ہوں، اسی روز ان پر توشہ خانہ کیس کی فرد جرم عائد کی جائے گی۔گزشتہ پیشی میں ملزم عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئےتھے اور ان کی بجائے فیصل چوہدری نے پیش ہو کرعدالت سے  سماعت اس لئے ملتوی کرنےکی درخواست کی کہ خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل کی جانب سے ملزم کے  عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست قبول کر لی اور ہدایت کی تھی کہ 5 مئی کو وہ خود عدالت میں حاضر ہوں۔

پی ڈی ایم کی حکومت نےعمران خان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمشن کو بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف کی فروخت سے ہونےوالی آمدن چھپائی ہے اس لئے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ الیکشن کمشن نےتفصیلی سماعتوں میں چھان بین کے بعد گزشتہ سال اکتوبرمیں فیصلہ دیا تھا  کہ عمران خان توشہ خانہ سے حاصل کئے گئے تحائف کے حوالہ سے جعلی اسٹیٹمنٹس داخل کر کے قابل تعزیر جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اس فیصلہ میں عمران خان کو پارلیمنٹ کی رکنیت کے لئے نا اہل قرار دے دیا گیا  تھا  اور ان کے جرم کی فوجداری عدالت میں سماعت کے لئے مقدمہ اسلام آباد سیشن عدالت کو بھیج دیا گیا تھا۔ گزشتہ کئی ماہ سے عدالت عمران خان پر فرد  جرم عائد کرنےکے لئے ان کی پیشی کا انتظار  کر  رہی ہےلیکن وہ اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ 

مزیدخبریں