(ویب ڈیسک)سابق وزیر توانائی اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہناہے کہ حکومت سے معاملات نہیں سنبھل رہے تو فوری الیکشن کرائے ، خودمختاری تو تباہ کردی ہے اب آپ معیشت بھی تباہ کررہے ہیں ، معاشی معاملات چھوڑ دیں یہ آپ سے نہیں ہو پائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہاکہ وزیرخزانہ کو یہ نہیں پتا کہ آٹا70 سے 80 روپے میں مل رہا ہے، قوم کو بتا دیں کہ پٹرولیم کی قیمتیں بڑھانی ہیں یا نہیں،ان کا کہناتھا کہ جب میں چھوڑ کر گیا تو32 دن کا ڈیزل موجود تھا،آج کسان ڈیزل کیلئے پریشان ہو رہے ہیں ، آئی ایم ایف کو پٹرولیم قیمتوں کے تعین کا اختیار نہیں دیاگیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ روس کے ساتھ میں نے مذاکرات شروع کر دیئے تھے،روس سے پاکستان تیل خریدے تو سبسڈی نہیں دینی پڑے گی،یہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں ، ان کا کہناتھا کہ نجی پاور پلانٹس بند ہوں تو بھی پیسے دینے پڑتے ہیں ،2 ہزار میگاواٹ کی کمی نجی پاور پلانٹس کی بندش کی وجہ سے ہے ۔
حماد اظہر نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر نیچے جا رہے ہیں ، وزیر خزانہ غیر سنجیدہ قسم کی پریس کانفرنس کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئے گا تو ان کی حکومت ختم ہو جائے گی،اگر انہوں نے گرفتاریاں کیں تو معاملہ کہیں اور چلا جائے گا،85 سیٹوں والی جماعت کو مسلط کردیاگیاہے ایسے کیسے چلے گا۔