مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

5 May, 2021 | 03:05 PM

Arslan Sheikh

شہزاد خان ابدالی: پنجاب حکومت اور وفاق کی تمام توجہ سستے رمضان بازاروں پر مرکوز، شہر کی اوپن مارکیٹ میں سستا تو دور مہنگا آٹا بھی نایاب، شہری آٹے کی تلاش میں خوار ہونے لگے۔ 

تفصیلات کے مطابق شہر کی اوپن مارکیٹ میں سستا آٹا تو درکنار، مہنگا آٹا بھی نایاب ہوگیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں شادمان، مزنگ، گلبرگ، شہر کے شمالی اور جنوبی حصے میں آٹے کی سنگین قلت نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اور یوٹیلٹی سٹورز پر طویل قطاریں اور اوپن مارکیٹ میں آٹا نایاب ہوگیا ہے۔ لاہوریوں نے اوپن مارکیٹ میں آٹے کے معیار کو بھی انتہائی ناقص قرار دے دیا۔ اوپن مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1063 روپے تک پہنچ چکی مگر معیار انتہائی ناقص ہے۔
شہریوں نے تبدیلی سرکار سے مطالبہ کیا کہ رمضان بازاروں کیساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی آٹے کی فراہمی اور معیار کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب رمضان مبارک کے 21 روزے گزرنے کے باوجود بازاروں میں چینی کا مسئلہ حل نہ ہوا۔ غالب مارکیٹ رمضان بازار میں چینی کی خریداری کے لیے خواتین اور مردوں کی لمبی قطاریں برقرار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزے کی حالت میں لائنوں میں لگے طویل انتظار کرتے ہیں،
اوپن مارکیٹ میں چینی غائب ہے اور بلیک میں مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے۔ سستی چینی کے لیے یہاں آنے پر مجبور ہیں,لیکن یہاں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ 

مزیدخبریں