عظمت اعوان: میڈیکل سنٹر گورنر ہاؤس میں لاکھوں کے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، میڈیکل سنٹرگورنر ہاؤس میں لوکل پرچیز کے نام پر سرکاری خزانہ کو لاکھوں کا چونا لگایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیکل سنٹرگورنر ہاؤس میں گزشتہ 3 سال سے لوکل پرچیز کے جعلی بل بنائے جارہے ہیں، معاملہ کی چھان بین کیلئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کو درخواست موصول ہوگئی۔ تمام تر کاغذات اور سیکرٹری ہیلتھ کے نام درخواست سٹی42 نے حاصل کر لیں۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ 3 سالوں میں سینکڑوں لوکل پرچیز کے جعلی بل بنائےگے، پچاس سے زائد جعلی بلوں کی رسیدیں سٹی 42 نے حاصل کرلیں، پچاس سے زائد بلوں کیلئے ایک ہی پنسل اور ایک ہی فرد کے ہاتھ سے دوائی تجویز کی گئی۔ لوکل پرچیز کے بلوں کا نہ ریکارڈ ہے اور نہ ہی کسی ڈاکٹر کا نام اور دستخط لوکل پرچیز کیلئے کاغذی کارروائی ڈالنے کیلئے مریض کو صرف ایک دن کیلئے داخل کیاجاتاہے۔
ایک دن کیلئے ایک ہی مریض کو 16 سے 20 گولیاں لکھی گئی ہیں، ایک مریض، ایک دن میں 20 گولیاں کیسے کھا سکتاہے؟ ایک ہی مریض کو چار سے زائد بیماریاں ڈال کر بل بنائے گئے ہیں۔اس تمام تر معاملے میں ایم ایس ڈاکٹر شگفتہ، اکاؤنٹنٹ اور سٹور کیپر کا ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔