شہریوں کا پولیس اہلکاروں پر بدترین تشدد، ویڈیو سامنے آگئی

5 May, 2021 | 01:15 PM

Arslan Sheikh
Read more!

سٹی 42: بغیر اجازت شہریوں کی ویڈیو بنانے کا شوق پولیس کی درگت کا باعث بن گیا، برکی میں ماسک تقسیم کرنے کے دوران ویڈیو بنانے پر شہریوں نے چوکی انچارج سمیت پولیس اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں حکومت اور پنجاب پولیس کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام میں صف اول میں شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے شہر کی اہم شاہراہوں پر مفت ماسک فراہم کیے جارہے ہیں۔ ماسک تقسیم کرنے کا مقصد شہریوں کو کورونا سے بچانا ہے، لیکن آج لاہور کے علاقے برکی میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں شہریوں نے چوکی انچارج سمیت دیگر پولیس اہلکاروں پر دھاوا بول دیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

برکی میں ماسک تقسیم کرنے کے دوران ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد میں جھگڑا ہو گیا، جس پر شہریوں نے تلخ کلامی کے بعد چوکی انچارج اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بناڈالا، پولیس اہلکاروں پر تشدد کے واقعہ کی ویڈیو میں ملزمان کو پولیس اہلکاروں پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعہ پر ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے پر برکی پولیس نےاہلکاروں پر تشدد کرنیوالے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزم عمار، شارق ، حاجی سخاوت سمیت 16 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔گرفتار ملزمان میں عمار ، شارق، عبدالرحیم اور وقاص شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ 

مزیدخبریں