(ویب ڈیسک ) بھارت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر نے تباہی مچائی رکھی ہے ، ہلاکتوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں ۔ بھارت میں متعدد بالی ووڈ شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ان کا پورا گھرانہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگیا ہے۔ بھارت کے سابق معروف بیڈمنٹن کھلاڑی اور دپیکا کے والد پرکاش پڈوکون کورونا وائرس کے باعث بنگلور کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جبکہ اداکارہ کی والدہ اور بہن میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی، خود دپیکا پڈوکون کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے اور وہ بنگلور میں اپنی والدہ کے گھر پر ہی ہیں۔دپیکا پڈوکون کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں جب کہ ان کے شوہر اداکار رنویر سنگھ کی جانب سے بھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
دوسری جانب دپیکا کے والد پرکاش پڈوکون کے ایک قریبی دوست نے میڈیا کو بتایا ہےکہ پرکاش کی حالت بہتر ہے اور انہیں 2 سے 3 دن میں گھر منتقل کیا جاسکتا ہے اس سے قبل لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن، ان کے صاحبزادے ابھیشک بچن، بہو ایشوریا رائے اور پوتی ارادھیا بچن بھی کورونا میں مبتلا ہوئی تھیں۔