جونئیر ہاکی کھلاڑیوں کے درمیان فٹنس مقابلہ

5 May, 2020 | 04:25 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) قومی جونئیر ہاکی کھلاڑیوں کے درمیان فٹنس مقابلہ چیلنج وقار علی نے جیت لیا، ابوذر دوسرے نمبر پر رہے۔

قومی جونئیر ہاکی کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کے لئے قومی جونئیر ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے درمیان فٹنس چیلنج مقابلہ کروایا۔ وقار علی نے سب سے زیادہ چودہ اعشاریہ ایک پوائنٹس کے ساتھ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ابوذر بارہ اعشاریہ اکتیس پوائنٹس لے کر دوسرے جبکہ بلاول گیارہ اعشاریہ باسٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ جونئیر ہاکی ٹیم انتظامیہ نے ویڈیو لنک پر مقابلے کا جائزہ لیا۔

نوجوان کھلاڑیوں کی یہ فٹنس رپورٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھجوائی جائے گی۔ فٹنس چیلنج میں پہلے نمبر پر آنے والے کے لیے پانچ ہزار روپے اور دوسرے نمبر پر آنے والے کو تین ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے ملکی کھیلوں کی معاشی صورت حال پر بھی منفی اثرات مرتب ہونےلگے، گذشتہ کئی برس سے معاشی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کی معاشی مشکلات میں شدید اضافہ ہوگیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئین آصف باجوہ نے ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث قومی اور بین الاقوامی ایونٹس ملتوی ہونے سے قومی ہاکی کھلاڑی بے روزگار ہو گئے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہمیں مزید سخت چلینجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگست تک تمام قومی اور بین الاقوامی سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔ پی ایچ ایف شیڈول کے مطابق قومی جونئیر ہاکی ٹیم نے مئی کے پہلے ہفتے دورہ یورپ میں ہالینڈ، جرمنی اور بیلجئیم کی جونئیر ٹیموں کے خلاف 12 میچز کھیلنا تھے جو کہ ان ممالک میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ جون جولائی میں قومی ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔  

مزیدخبریں