عرفان ملک :بینک جانے کا جھنجھٹ ،نہ قطار میں کھڑے ہونے کا طویل انتظار، لاہور پولیس نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی۔
شہری اب ٹریفک چالان آن لائن جمع کروا سکیں گے، لاہور پولیس نے سوشل ڈسٹینس اور شہریوں کی آ سانی کیلیے بینکوں کے ذریعے چالان کی آن لائن ادائیگی متعارف کرا دی ہے۔
نہ لائن میں لگنے کی جھنجھٹ نہ ہی مہینوں مہینوں بعد چالان کی مد میں جمع ہونے والے دستاویزات کی وصولی کی ٹینشن،بدلتے دور کے ساتھ لاہور پولیس بھی شہریوں کو جدید سہولیات دینے میں پیش پیش،ٹریفک پولیس نے چالان کی ادائیگی کیلیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے جرمانہ آن لائن جمع کروانے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔
اب شہری ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ملک کے کسی بھی بینک میں چالان کی ادائیگی موقع پر ہی کر کے لائنوں میں لگنے سے بچ سکیں گے، سی سی پی او لاہور کہتے ہیں کہ سوشل ڈسٹینس اور شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سہولت متعارف کروائی ہے ٹیسٹ رن کے طور پر پہلے مرحلے میں لاہور کے تین سیکٹرز میں اس سہولت کو متعارف کروا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر سٹی ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ حماد عابد نے میڈیا کو اس جدید سہولت کے طریقہ کار پر بریف کیا،پولیس افسران کا کہنا تھا کہ آن لائن ادائگیوں کے ذریعے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ کرپشن کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے ۔
یاد رہے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کے دوران تعلیمی ادارے،ٹر انسپورٹ کا نظام،سرکاری دفاتر،ریلوے سسٹم،پروازیں بند ہیں۔سینما بند ہیں،تفریحی سر گرمیوں پر پابندی ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، قیدی، بچے ،بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 698 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 20ہزار 884 تک پہنچ گئی، اب تک کورونا وائرس کے باعث 476 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں, کورونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا، جہاں گزشتہ 5 روز میں 1124 کیسز کا اضافہ ہوا۔