تین ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کا اعلان

5 May, 2020 | 11:45 AM

Azhar Thiraj
Read more!

 سٹی 42 : پنجاب حکومت نے 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب حکومت نے لاک ڈائون کے باعث مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ کر لیا۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کے پیکج کی منظوری دے دی اور محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکج تیار کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی اور مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دیں گے۔ لاک ڈائون کے باعث دیگر طبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کریں گے۔
 

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ فنکاروں کی درجہ بندی کر کے انہیں جلد سے جلد امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ فنکاروں کا حق ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کے دوران تعلیمی ادارے،ٹر انسپورٹ کا نظام،سرکاری دفاتر،ریلوے سسٹم،پروازیں بند ہیں۔سینما بند ہیں،تفریحی سر گرمیوں پر پابندی ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے  پھیل رہا ہے ، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے ،بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 698  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 20ہزار 884 تک پہنچ گئی، اب تک کورونا وائرس کے باعث 476 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں, کورونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا، جہاں گزشتہ 5 روز میں 1124 کیسز کا اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں