(سعید احمد سعید) سول ایوی ایشن اتھارٹی نےمتحدہ عرب امارات کی ہوائی کمپنی ائیر عریبیہ کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دےدی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا معاملہ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیر عریبیہ کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دیدی۔ سی اے اے نے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق شارجہ سے ائیر عربیہ کی خصوصی پرواز 10 مئی کو 200سے زائد پاکستانیوں کو لے کر ملتان پہنچے گی، ائیر عریبیہ نے خصوصی پرواز کی ملتان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے لئےسی اے اے کو درخواست دی تھی۔طیارے کے عملے کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، ائیر عریبیہ کا طیارہ ملتان سے شارجہ روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ بیرون ملک سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی اے کی پروازٍٍ گزشتہ روز 263 مسافروں کو لے کر لاہور ایئر پورٹ پہنچی۔مسافروں کو ایئر پورٹ پر سکریننگ کے بعد قرنطینہ مراکز اور پرائیویٹ ہو ٹلز میں منتقل کردیا گیا۔مسافروں کو خصوصی بسوں پر سوار کر کے قرنطینہ سنٹرز اور پرائیویٹ ہو ٹلز میں منتقل کیا گیا۔قرنطینہ سنٹرز میں بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کا مکمل کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے مسافروں کو قرنطینہ سنٹرز اور پرائیویٹ ہو ٹلز میں تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔استنبول سے ایک خصوصی پرواز 269 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔
گزشتہ دنوں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تین ہوائی اڈوں پر پرائیویٹ طیاروں کے آپریٹ کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔ جس کے مطابق حکومت نے آپریشنل ایس او پیز کے تحت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر پرائیویٹ طیاروں کی اجازت دی ہے۔ سی اے اے کا کہنا تھاکہ پرائیویٹ طیاروں کو کورونا سے بچاؤ کے لئے سخت حفاظتی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون و بیرون ملک کمرشل پروازوں کے بعد نجی چارٹرڈ طیاروں کے آپریشن کی بندش میں بھی 21 اپریل تک توسیع کی تھی۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، سندھ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے چارٹرڈ طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کو بھی اڑان بھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔