عامر سہیل نے بھی میچ فکسنگ کے حوالے سے خاموشی توڑ دی

5 May, 2020 | 08:24 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ مجھے بھارت کے خلاف 1996ء کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں ٹاس سے صرف 5 منٹ پہلے بتایا گیا کہ میں کپتان ہوں۔

گزشتہ چند دنوں سے سابق کپتان سلیم ملک کی جانب سے میڈیا پر بیانات کے بعد سے پاکستان کرکٹ میں میچ فکسنگ کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث ہے، بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے قومی ٹیم کے اوپنر اور سابق کپتان عامر سہیل نے بھی اس حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے عامر سہیل نے انکشاف کیا کہ بھارت کے خلاف 1996 کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں کپتان وسیم اکرم کے نہ کھیلنے کے بارے میں دوست پہلے ہی بتاچکے تھے, البتہ مینجر انتخاب عالم نے کہا وسیم اکرم کھیلیں گے، پھر گراؤنڈ میں مجھے صرف 5 منٹ پہلے بتا یا گیا کہ بھارت کے خلاف آپ کپتان ہیں وسیم اکرم نہیں کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کا پاکستان کر کٹ میں کردار ورلڈ کپ کے تناظر میں حیران کن نوعیت کا ہے۔ 

پاکستان کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کہتے ہیں کہ چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بورڈ میں تعینات کیے گئے ہیں وہ کیسے قومی اسمبلی میں بورڈ کے بارے میں دستاویزات دینے سے انکار کر سکتے ہیں؟

میچ فکسنگ میں پابندی کے شکار قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عطا الرحمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام تر معاملے پر ہماری عطاالرحمان سے بات چیت ہوئی تھی عطاالرحمان تھوڑا کمزور تھا اس لیے اسے سزا دی گئی, میچ فکسرز کے مختلف بورڈز میں بھی رابطے ہیں۔

واضح  رہے کہ 1996 کے ورلڈ کپ میں بھارت کے شہر بنگلور میں ہونے والے کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 39 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

مزیدخبریں