سٹی 42: پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے " نگہبان رمضان پیکج " کے تحت صوبہ میں مستحق شہریوں کو 38ہزاردوسو90راشن بیگ گھروں پر پہنچا دیئے گئے۔
مستحق شہریوں کو راشن گھروں پر فراہم کرنے کے ذمہ دار حکام نے منگل کے روز چیف سیکرٹری پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ 64 لاکھ راشن کے تھیلےمستحق شہریوں کو انکے گھر پر ز پر فراہم کرنے کیلئے ٹرانسپورٹیشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے نگہبان رمضان پیکج کیلئے مستحق افراد کی تصدیق کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں " نگہبان رمضان پیکج" , اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کی نگرانی اور گورننس کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
مفت تقسیم کئے جا رہے سامان کا معیار اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت تقسیم ہونے والے راشن کے معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں راشن بیگ میں فراہم کی جانیوالی اشیاء کے معیار کو چیک کر رہی ہیں۔ تقسیم کئے گئے راشن بیگز کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل بھی جاری ہے۔
بریفنگ میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، صنعت، خوراک، زراعت کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی ور متعلقہ افسران براہ راست شریک ہوئے جب کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔