بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی الیکشن; مسلم لیگ نون نے دوستین ڈومکی کو امیدوار بنا دیا

5 Mar, 2024 | 01:00 AM

سٹی42: پاکستان مسلم لیگ ن نے بلوچستان سے سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے امیدوار کا اعلان کردیا ۔ 

میر دوستن ڈومکی مسلم لیگ ن کے امیدوار ہونگے ۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ٹکٹ جاری کردیا۔ میر دوستین ڈومکی وزیراعظم شہباز شریف کی گزشتہ حکومت میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر تھے۔ انہوں نے 2013  کا الیکشن بلوچستان کے حلقہ این اے۔265  سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرٖ ف سے لڑا تھا اور  کامیابی حاصل کی تھی۔  بعد ازاں وہ بلوچستان عوام پارٹی میں شامل ہو گئے تھے اور تین ماہ پہلے بلوچستان عوام پارٹی کے  کئی دیگر رہنماؤں کے ساتھ مسلم لیگ نون میں شامل ہوئے تھے۔ انہیں این اے 253 ( زیارت، ہرنائی، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی) سے مسلم لیگ نون کا ٹکٹ ملا اور ابتدائی نتائج کے مطابق وہ الیکشن  44594 ووٹ لے کر جیت گئے تھے۔ انہوں نے نواب اکبر بگٹی کے پوتے شاہ زین بگٹی کو شکست دی تھی۔

  بعد ازاں بتایا گیا کہ کوہلو میں سات پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نتیجہ میں میر دوستین ڈومکی یہ الیکشن تین ہزار ووٹوں سے ہار گئے اور آزاد امیدوار وڈیرہ میاں خان بگٹی الیکشن جیت گئے۔

این اے 253 کوہلو میں سات پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ میں 617 ووٹ ملے۔ دوستین ڈومکی کو  48 ووٹ ملے۔ ریٹرننگ آفیسر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253 میں تمام 406 پولنگ اسٹیشنوں کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ  جاری کرتے ہوئے  آزاد امیدوار میاں خان بگٹی  کو 47300 ووٹ لے کر کامیاب قرار دے دیا۔ میر دوستین ڈومکی  کو  44691  ووٹ ملے۔ اس طرح وہ 3709 ووٹوں کے فرق سے الیکشن ہار گئے۔ اب مسلم لیگ نون نے انہیں سینیٹ کے الیکشن میں ٹکٹ دیا ہے۔

جمعیت علما اسلام کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعیت نے عبدالشکور غیبی زئی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم انہیں ٹکٹ کل جاری کیا جائے گا۔

مزیدخبریں