ویب ڈیسک: لاہور میں عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر زمان پارک پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کا امکان ہے، عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتار کیا جائے گا۔بتایا جارہا ہے کہ عمران خان اس وقت زمان پارک میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس ایس پی کی قیادت میں لاہور پہنچی جس کے بعد لاہور پولیس کی معاونت میں زمان پارک پہنچ گئی۔اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں، عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش نہیں ہوئے۔
اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری بھی موجود ہیں۔خیال رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔