سٹی 42: پتنگ باز ہوجائیں ہوشیار، لاہور پولیس نے پتنگ بازوں کو قابو کرنے کے لئے ڈرون کیمروں سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل مانیٹرنگ نواں کوٹ، شیرا کوٹ، مصری شاہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس افسروں اور اہلکاروں نے اونچی چھتوں پر چڑھ کر ڈرون کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی۔ ایس ڈی پی او نواں کوٹ عمر فاروق کے مطابق ڈرون کیمروں کے استعمال سے پتنگ بازی کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔ دو پتنگ بازوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمات بھی درج کر لئے گئے ہیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کے مطابق پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم چلائی گئی، مساجد میں اعلانات سمیت نمازیوں میں آگاہی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔ موٹر سائیکل سواروں میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شہریوں کو آگاہی دی۔
پولیس افسروں نے موٹرسائیکل سواروں کو تندی، دھاتی ڈور سے بچنے کیلئے سیفٹی تار کے استعمال بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا تھا کہ شہریوں کو پتنگ بازی کے نقصانات سے آگاہ کیا جا رہا ہے، پتنگ بازی کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں۔
دوسری جانب پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال میں اب تک گیارہ افراد مختلف واقعات میں خونی ڈور کا شکار ہوئے، جس میں پہلی ہلاکت اچھرہ میں ہوئی، جہاں دو روز پہلے بھی ایک شخص ڈور پھرنے سے زخمی ہوا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق اب تک چار ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹسز دیئے جا چکے ہیں جبکہ ایس ایچ او اچھرہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔