(سٹی42)پنجاب حکومت نےجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پانچ محکمے ختم کرنے کا فیصلہ کیا، محکمہ خزانہ نے یہ سمری کابینہ کو منظوری کے کئے ارسال کر دی۔
تفصیلات کے مطابق تبدیلی سرکاری نے ایک بار پھر اہم فیصلہ کیا، اس بارپنجاب حکومت نےجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پانچ محکمے ختم کرنے کا فیصلہ کیا، جنوبی پنجاب کے محکمہ ہوم، محکمہ قانون، محکمہ خزانہ، محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے یہ محکمے ختم ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال کرنے کے لئےابھی تک کسی بھی سرکاری محکمے نے اپنا ریکارڈ جنوبی پنجاب منتقل نہیں کیا۔ ریکارڈ منتقل نہ ہونے سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام ٹھپ ہے جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ٹرانسفر ہو نےوالے ملازمین بھی تاحال غیر فعال ہیں۔
سرکاری ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے ڈاکٹرز اور ٹیچرز اب بھی اپنی چھٹیوں کی منظوری کے لئےلاہور آتے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مکمل فعال نہ ہونے سے عوام بھی پریشانی اور تذبذب کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایات پر آئی ڈیپ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پلاننگ کمیشن تیار کیا تھا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر کا تخمینہ چھ ارب پچاس کروڑ لگایا گیا ہے، آئی ڈیپ نے ملتان اور بہاولپور میں تیار کیے جانے والے سیکرٹریٹ اور جی او او کے ڈیزائن بھی تیار کئے ہیں۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے 8محکمے ملتان جبکہ8 محکمے بہالپور میں ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کمپلیکس ملتان میں لاء، ہوم ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، پولیس، ایگریکلچر اور فاریسٹ کے محکموں کے دفاتر بنائے جانے کا فیصلہ کیاگیا تھا، بہاولپور سیکرٹریٹ کمپلیکس میں ایس اینڈ جی اے ڈی، ایریگیشن، فنانس، پی اینڈ ڈی، بی او آر، لوکل گورنمنٹ، لائیو سٹاک اور سی اینڈ ڈبلیو کے دفاتر کی تعمیربھی کی جانے پر اتفاق ہوا تھا۔