ڈور پھرنے سے دیال سنگھ کالج کا لیکچرار جاں بحق، سی سی پی او کا نوٹس

5 Mar, 2021 | 12:41 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) صوبائی دارالحکومت لاہور میں غیر قانونی پتنگ بازی قوم کےمعمار کی جان لے گئی، دیال سنگھ کالج کے لیکچرار آفتاب احمد گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق، سی سی پی او نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

حکومتی پابندی کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے، یہ خونی کھیل جہاں ہماری ثقافت، معاشرتی استحکام اور اسلامی اخلاقیات کو بگاڑنے کا سبب بن رہا ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ پتنگ کی دھاتی ڈور سے کٹ کر جاں بحق ہونے والے افراد کی اکثریت ان لوگوں کی ہے جو نہ پتنگ اڑاتے ہیں اور نہ ہی ان کا مقصد پتنگ لوٹنا ہوتا ہے، آج صوبائی دارالحکومت لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔

ذرائع کے مطابق مسلم ٹاؤن کے قریب موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے دیال سنگھ  کالج کے لیکچرار آفتاب احمد کے گلے پر ڈور پھر گئی جس سے وہ خون میں لت پت ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کاغذی کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی۔ لیکچرار کی ناگہانی موت پر ساتھی اساتذہ بھی رنجیدہ ہیں،کہتے ہیں کہ آفتاب انتہائی قابل اور با اخلاق شخصیت کے مالک تھے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کنگن پور کے رہائشی آفتاب چار سال سے کالج میں کیمسٹری کا مضمون پڑھا رہے تھے، آج بھی وہ کالج پڑھانے جارہے تھے ۔

دوسری جانب سی سی پی او نے ڈور پھرنے سے لیکچرار کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن  اور  ڈی ایس پی اچھرہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا جبکہ متعلقہ علاقے کے ایس ایچ او اظہراسحاق کو معطل کردیا ۔ 

سی سی پی او  لاہور  کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی روکنے کے لئے اقدامات جاری ہیں مگر عوام کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا،خاص طور پر والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے دور رکھیں۔

مزیدخبریں