محکمہ موسمیات کی جانب سے ایئرپورٹ انتظامیہ کو الرٹ جاری

5 Mar, 2020 | 10:37 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( سعید احمد سعید ) محکمہ موسمیات نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو خرابی موسم کا الرٹ جاری کردیا ہے، لاہور سے جانیوالی تمام پروازوں کو متبادل روٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ایئر پورٹ انتظامیہ کو موسمی الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائینز انتظامیہ کو وارننگ جاری کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایئر پورٹ کے اطراف میں طوفانی بارش کی پش گوئی ہے۔

تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کے باعث بورے والا سے لاہور، لاہور سے اسلام آباد تک موسمی صورتحال کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ الرٹ کے مطابق بورے والا سے لاہور کے مابین روٹ میں رات 12 بجے تک موسم خراب رہے گا۔ خراب موسم کے باعث بجلی کی سپلائی بھی معطل ہونے کا خدشہ ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور سے جانے والی تمام پروازوں کو متبادل روٹس اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہے۔

دوسری جانب لاہور ائیرپورٹ کے اطراف میں طوفانی بارشوں کے سبب پروازوں کو لینڈ کرنے کی اجازت نہ ملی۔ کوالالمپور سے لاہور آنے والی پرواز او ڈی 131، کراچی سے لاہور آنے والی سیرین ائیر کی پرواز ای آر 524 اور کراچی سے آنے والی ائیربلو کی پرواز پی اے 404 کو اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز ایس وی 738 کو بھی لینڈ کرنے کی اجازت نہ ملی۔

اسی طرح لاہور سے ابوظہبی جانے والی اتحاد ائیر کی پرواز ای وائے 244 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 کو بھی اڑان بڑھنے سے روک دیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک تیز طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر دی جبکہ اتوار کے روز تک بارشوں کا یہ سپیل ختم ہوگا۔

مزیدخبریں