( اکمل سومرو ) یونیورسٹی ٹرانسپورٹ میں دو بسوں کا اضافہ ہوگیا، نئے روٹس پر بسیں چلنے سے تین سو سے زائد طلباء کو سفری سہولیات ملیں گی۔
پنجاب یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ ونگ میں پرو وائس چا نسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر نے دو نئی بسوں کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ممبر سینڈیکیٹ جاوید سمیع ، اقامتی آفیسر اول کرنل (ر) عمر خالد، اقامتی آفیسر دوئم جلیل طارق، ڈاکٹر عمران دین، چیف انجینیر فیض الحسن سپرا، چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید، سینئر ٹرانسپورٹ آفیسر حافظ مزمل رحمان، سینیئر چیکر چودھری فیض رسول، اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ آفیسر اقبال اعوان نے شرکت کی۔
سینیئر ٹرانسپورٹ آفیسر حافظ مزمل نے تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کُل بسوں کی تعداد 57 جبکہ ٹوٹل روٹس کی تعداد 124 ہے، یونیورسٹی ٹرانسپورٹ کو جدید سسٹم کی بنیاد پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ طلباء کیلئے ٹرانسپورٹ ایپلیکیشن کا اجرا کیا جا رہا ہے جس سے والدین کو بسوں کے اوقات کار اور بسوں کی موجودہ لوکیشن کا پتہ چلانے میں آسانی ہو گی۔