اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو زیر کردیا

5 Mar, 2020 | 12:25 AM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو  71 رنز سے شکست دے دی، کولن منرو کی جارحانہ بلے بازی کے بعد ظفر گوہر اور رومان رئیس کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے قلندرز بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور قلندرز کی کامیابی کی خوشی ایک ہی روز میں ہوا ہوگئی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو 71 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز کی دعوت پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔

کولن منرو شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 83 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، لک رونکی 48، انگرام 29 اور آصف علی محض چھ گیندوں پر 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کے محمد حفیظ، سلمان ارشاد اور محمد فیضان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

199 کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 127 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان شنواری 30، بین ڈنک 25، سلمان بٹ 21 اور محمد حفیظ 10 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس اور ظفر گوہر نے تین تین، شاداب خان نے دو جبکہ ڈیل سٹین اور عاکف ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں عمدہ بلے بازی پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے سات میچوں میں سات پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ لیگ میں آج آرام کا دن ہے۔

مزیدخبریں