پنجاب پولیس کا یونیفارم ایک بار پھر تبدیل

5 Mar, 2019 | 07:36 PM

Arslan Sheikh

 ( علی ساہی ) پنجاب پولیس میں اصلاحات ہوں نہ ہوں وردی ایک بار پھر تبدیل ہوگئی، صرف دو سال بعد اولیو گرین رنگ کی وردی پہننے کے بعد وزیراعلیٰ نے پنجاب پولیس کے لیے ڈارک بلیو پینٹ اور لائٹ بلیو شرٹ رنگ کی وردی کی منظوری دے دی۔

سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے اپریل 2017 میں پنجاب پولیس کی خاکی پینٹ اور کالی شرٹ کو تبدیل کرکے اولیو گرین رنگ کا یونیفارم متعارف کروایا اور نشاط کمپنی سے ایک یونیفارم دوہزار کے قریب خریدا گیا جبکہ مالی سال 18-2017 میں وردی کا کنٹریکٹ اٹھارہ سو میں دیا گیا۔

اولیوگرین یونیفارم کے متعارف ہونے کے بعد پولیس کے حلقوں میں شدید مخالفت کے بعد سروے کروایا گیاجس میں 90 فیصد اہلکاروں نے وردی بدلنے کے لیے ووٹ دیا لیکن اس کے بعد آنے والے چار آئی جیز نے کوئی اقدام نہ اٹھایا اور اولیوگرین یونیفارم ہی تیار کروائی۔

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے تعیناتی کے بعد پہلے دربار میں وردی تبدیلی کا عندیہ دیا اور پنجاب پولیس کا پرانا یونیفارم بحال کرنے کی خوشخبری دی لیکن ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلے کے بعد پنجاب پولیس کا یونیفارم اسلام آباد پولیس کی طرز کا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یونیفارم تبدیلی کی کمیٹی نے پیر کے روز آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو وردی کے سیمپلز پیش کیے جن کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بھی منظوری دے دی ہے۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ جولائی سے نئے یونیفارم کے لیے عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وردی تبدیل کرنے کی بجائے پولیس کا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔ ہرسال کروڑوں روپے خرچ کرکے وردی بنوائی جاتی ہے لیکن پولیس کا عوام کے ساتھ رویہ جوں کا توں ہے۔

پنجاب پولیس کا نئے یونیفارم پر جو بھی رسپانس آئے گا وہ تو بعد کی بات ہے لیکن ابھی اولیوگرین رنگ کا 2 لاکھ سے زائد نیا یونیفارم گودام میں پڑا ہے جوکہ انسپکشن نہ ہونے کی وجہ سے پنجاب پولیس میں تقسیم نہیں کیا جاسکا۔

مزیدخبریں