یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے بھارت کو دن میں تارے دکھا دیئے

5 Mar, 2019 | 03:49 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) پاکستانی ریسلرز کو ویزے جاری نہ کرنا بھارت کو مہنگا پڑگیا۔ یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے بھارت کی رکنیت معطل کردی، ورلڈ باڈی نے بھارتی پہلوانوں سے انفرادی رابطوں پر بھی پابندی عائد کردی۔

یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے تمام ممالک کو بھارت سے روابط معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ورلڈ ریسلنگ باڈی نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں احکامات جاری کیے، ورلڈ ریسلنگ باڈی نے بھارت سے تعلقات ختم کرنے کیلئے تمام ممالک کی نیشنل فیڈریشنز کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے مختلف ایونٹس میں شرکت کیلئے ایتھلیٹس کو ویزے نہ دے کر اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے، ویزے نہ ملنے کے باعث پاکستان شوٹنگ ٹیم گزشتہ ماہ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکی تھی۔دوسری جانب پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے بھی ورلڈ ریسلنگ باڈی سے خط ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

 واضح رہے کہ شوٹنگ ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایونٹس کے انعقاد کیلئے بھارت سے بات چیت ختم کر دی تھی۔

مزیدخبریں