(سٹی 42) پاکستانی ہو تو پاکستانی چینلز دیکھو!! سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد نہ دکھانے کی وفاقی حکومت کی پالیسی بحال کر نے کا حکم دیدیا، اب پاکستانی ٹی وی چینلز پربھارتی مواد کی تشہیر نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ٹی وی چینلز پر غیر ملکی مواد دکھانے کےمعاملے کی سماعت کی، وکیل پیمرا نے موقف اختیار کیا کہ 2006 میں وفاقی کابینہ نے پالیسی بنائی تھی، پالیسی کے تحت بھارتی مواد مساوی تبادلے کے اصول پر دکھایا جاسکتا تھا۔ 19 اکتوبر 2016 کو پیمرا نے غیر ملکی مواد دکھانے پر مکمل پابندی عائد کی تھی، مذکورہ پابندی کو لیو کمیونیکیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے دس فیصد مواد دکھانے کی اجازت دی، لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ پابندی صرف وفاقی حکومت لگا سکتی ہے اس لیےمذکورہ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ سپریم کورٹ نے پیمرا کی اپیل باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ابھی بھی لوگ بھارتی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں، جس پر پیمرا وکیل نے کہا کہ نجی ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد کا تناسب صفر ہے، ہائیکورٹ کے فیصلے سے پیمرا کے اختیارات ختم ہوگئے ہیں۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا 10 فیصد بھارتی مواد دکھانے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔