عمراسلم:اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ ایم پی ایز نے ن لیگ کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ ن لیگ والے بوکھلاہٹ کے عالم میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ انتخابات کے روز میں نے کہا تھا کہ آج ہم سرپرائز دیں گے اور چوہدری سرور جیتے گے، چوہدری سرور نے سب سے زیادہ ووٹ لیئے یہ ان کی ذاتی مقبولیت بھی جانچی گئی ہے اور ان کو ٹکٹ دینا صحیح فیصلہ تھا۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے لوگوں نے بھی اپنے ضمیر کے مطابق چوہدری سرور کو ووٹ دیا ہے جبکہ یہ وقت ن لیگ کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ تمام دعوؤں کے باوجود چالیس لوگ ان کو چھوڑ گئے۔ انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے لوگوں نے اعلان بغاوت کر دیا ہے، کہتے تھے ایک ووٹ بھی ادھر سے ادھر نہیں ہوسکتا جبکہ نیب میں بیوروکریٹس اور شریف خاندان کے خلاف مقدمات آخری اسٹیج پر ہیں، کاروائی سے لگتا ہے کہ ان کاجیل جانا یقینی ہے اور شریف خاندان کی جانب سے واویلا اس لئے ہے کہ عدالتی فیصلوں کو سیاسی بنائے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بیس کروڑ عوام دیکھ رہے ہیں پہلی مرتبہ عدالتیں نیب سب کوششیں کر رہے ہیں کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو جبکہ ن لیگ بوکھلاہٹ کے عالم میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا رہے ہیں، ن لیگ زبیر گل جیسے کریمنل آدمی کو سینٹ کا ممبر بنانے جارہی تھی۔