ترقی کی دستیک:  الیکٹرک بسیں اسلام آباد پہنچ گئیں

5 Jun, 2024 | 08:46 PM

طیب سیف: چین سے الیکٹرک بسوں کی پہلی کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی۔ 

اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ضروریات کلین بسوں سے پوری کرنے کے لئے بجلی سے چلنے والی 160 بسیں منگوائی جا رہی ہیں۔ ان  160 میں سے 30 الیکٹرک بسیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

الیکٹرک بسوں کی یہ کھیپ کراچی پورٹ پر پہنچی جہاں سے  8 بسیں آج بدھ کے روز  اسلام آباد  کے جناح کنونشن سینٹر  کے احاطہ میں بنائے گئے عارضی  چارجنگ پوائنٹ پر پہنچ چکی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ مزید 22 الیکٹرک  بسیں کل تک اسلام آباد پہنچ جائیں گی ۔

پہلی کھیپ میں آنے والی  30 بسیں ابتدا میں لوکل ٹرانسپورٹ کے دو روٹس پر چلائی جائیں گی۔

ایک روٹ نسٹ، اورنج لائن ڈپو، G-11  سے  پمز ہسپتال تک ہوگا۔  

پہلے روٹ پر الیکٹرک  بس G-11 مرکز سے روانہ ہو گی اور ، G-10 مرکز،  G-9 مرکز اور G-8 سے ہوتی ہوئی پمز ہاسپٹل پہنچے گی۔ اس  روٹ پر  13 سٹاپس طے کئے گئے ہیں اور ہر دس منٹ بعد سٹاپ پر بس دستیاب ہو  گی۔

دوسرا روٹ پمز   ہاسپٹل سے  بری امام  اور قائد اعظم یونیورسٹی تک ہوگا۔

دوسرے روٹ پر یہ سروس  پمز ہاسپٹل سے جی سیون، جی سکس ، میلوڈی مارکیٹ، آبپارہ سے ہوتی ہوئی اتاترک روڈ پر سرینہ ہوٹل سے مڑ کر  فارن آفس، ریڈیو پاکستان، ڈپلومیٹک انکلیو سے گزرتی ہوئی بری امام تک جائے گی اور وہاں سے اسی راستے سے ہوتی ہوئی واپس پمز ہاسپٹل آئے گی۔

ان دونوں روٹس پر الیکٹرک بس  سروس صبح 6 بجے تا رات 10 بجے تک استعمال کی جاسکے گی.

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر مستحق طبقات بشمول معزور افراد، طلباء و دیگر کو سبسڈی دینے کے لئے بھی طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

مزیدخبریں