صنم جاوید سرگودھا جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

5 Jun, 2024 | 06:30 PM

Ansa Awais

سٹی42 :   پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )  کی رہنما صنم جاوید کو سرگودھا جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔

بدھ کے روز گوجرانوالہ  پولیس کے اہلکاروں نے  صنم جاوید کو سرگودھا جیل سے رہا ہو کر باہر نکلنے پر گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صنم جاوید گوجرانوالا کینٹ پولیس کو 9 مئی کے پرتشدد حملوں کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔

 پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ بھی گوجرانوالا پولیس کو مقدمے میں مطلوب ہیں اور وہ بھی سرگودھا جیل سے آج ہی رہا ہو رہی ہیں۔

 عالیہ حمزہ کی گرفتاری کےلیے بھی گوجرانوالا پولیس سرگودھاجیل کےباہرموجود ہے۔ 

گوجرانوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ کینٹ کی پولیس صنم جاوید سے  تفتیش  کرے گی۔ اس مقدمہ کی تفتیش ایک سال سے زیر التوا ہے۔ 

صنم جاوید کو گزشتہ سال دس مئی کی شام لاہور پولیس نے جناح ہاؤس اور دیگر مقامات پر پرتشدد حملوں کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔ ان سے طویل تفتیشوں کے بعد  انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر  کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا۔

اس دوران ان کے وکلا نے ان کی ضمانت کے لئے  انسداد دہشتگردی عدالت اور بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔ بعد ازاں میانوالی پولیس کی درخواست پر صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو میانوالی میں ائیربیس پر 9 مئی کے حملہ کے مقدمہ میں میانوالی پولیس کے حوالے کر دیا جو انہیں کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کر کے  تفتیش کیلئے میانوالی لے گئی۔

میانوالی پولیس کو  انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا کی جانب سے دیا گیا  جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انہیں سرگودھا جیل میں رکھا جا رہا تھا جہاں سے آج گوجرانوالہ پولیس نے ان کو  گوجرانوالہ کینٹ حملہ کیس میں گرفتار کیا۔ 

مزیدخبریں