وفاقی وزیرداخلہ کا روم میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ، اہم احکامات جاری کردیے

5 Jun, 2024 | 03:16 PM

اویس کیانی : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے روم میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ سیکشن کا معائنہ کیا اور اوورسیز پاکستانیوں سے ان کے مسائل پوچھے ۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے دورے کے دوران وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستانی سفیر علی جاوید نے وفاقی وزراء کا استقبال کیا اور سفارتخانے کے افسران سے تعارف کرایا۔  محسن نقوی اور چودھری سالک حسین نے سفارتخانے میں  پاسپورٹ سیکشن کا معائنہ کیا، انہوں نے سیکشن میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔ وفاقی وزیراوورسیزپاکستانیز سالک حسین سیکشن میں موجود  منڈی بہاو الدین اور گجرات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملے اور ان کے مسائل سنے۔ چودھری سالک حسین نے متعلقہ حکام کو فون کرکے  لوگوں کے مسائل کے حل کئے ۔ 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کی سہولت کیلئے صوبوں سے ہونی والی  پولیس تصدیق کے لئے بہترین نظام بنانے کے لئے فوری کام کریں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ کی  مقررہ مدت میں اجراء کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز جبکہ نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری ہوں گے، ہم نے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا ہے۔ میری پی ایس او اے ایس پی شہر بانو مانیٹرنگ سیل کی سربراہ ہوں گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو متعین مدت میں پاسپورٹ جاری ہوں گے۔  

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سفارتخانے کے افسران کو محنت اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کی تلقین کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں تاثرات درج کیے ۔

پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ 

مزیدخبریں