آندھی، گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

5 Jun, 2024 | 10:27 AM

(فاطمہ عارف)  شہر لاہور کا موسم مطلع جزوی ابر آلود جبکہ گرمی کی شدت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ  جبکہ زیادہ سے زیادہ 41ڈگری تک جانے کا امکان ہے،شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ریکارڈ  کیا گیا۔

عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر  آ گیا ہے۔   ا ئیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق  آلودگی کی شرح میں اضافہ ہونے سےمجموعی شرح 163ریکارڈ کی گئی ہے،  سید مراتب علی روڈ 170،شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 170ریکارڈ،فدا حسین روڈ 174 اور یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح 174ریکارڈ  کی گئی ہے۔

 موسم کے حوالے سے ملک کے دیگر حصوں کی بات کریں تو شہر قائد میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق  موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ  ریکارڈ کیا گیا ہے ،  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ   گرمی کی شدت 33 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے، اس وقت 28 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ماہرین کے مطابق  آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب    محکمہ موسمیات  کی جانب سے  پنجاب اورخیبر پختونخوا سمیت ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں آج سے 7 جون تک گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔لاہور ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد  سمیت  پنجاب کے میدانی علاقوں میں آندھی آنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔   راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال جہلم میں بارش  متوقع ہے, بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ اور زیارت میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی جبکہ  سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ اور کشمور میں بھی بادل برسیں گے اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کی توقع ہے.

واضح رہے کہ وادی نیلم میں وقفے وقفے سے گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی ہیڈ کوارٹر آٹھمقام، سیاحتی مقام کیرن، اپر نیلم، شاردہ اور کیل میں بارش سے موسم ٹھنڈا ہو گیا ہے، بارش کی وجہ سے ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں