بھارت کے الیکشن میں اداکاروں اور کھلاڑیوں نے سیاستدانوں کے چھکے چھڑا دیئے، 12 نشستیں لے اُڑے

5 Jun, 2024 | 02:07 AM

سٹی42:  بھارت کی لوک سبھا کے انتخابات میں اداکاروں اور کھلاڑیوں نے کہنہ مشق سیاستدانوں کا بھرکس نکال دیا۔ سات مرحلوں میں  مکمل ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں ایک درجن سے زائد  اداکار اور کھلاڑی کامیاب ہوئے ہیں۔ 

بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں پر انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوا تھا اور سات مراحل میں یکم جون تک تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں پولنگ ہوئی۔

انتخابات کے دوران 97 کروڑ سے زائد افراد نے ووٹ کاسٹ کیے، بھارت بھر میں 10 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

بھارت بھر میں بنائے جانے والے پولنگ اسٹیشنز میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ افراد کے عملے نے خدمات سر انجام دیں۔

 28 ریاستوں،  مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ سمیت 8 مرکزی علاقوں میں بھی لوک سبھا کے انتخابات ہوئے۔

انتخابات کے دوران 2700 سے زائد سیاسی جماعتیں اور 8 ہزار سے زائد امیدوار اپنی قسمت آزمائی اور بہت سے بڑے نام بھی انتخابات میں ہار گئے۔

 غیر حتمی نتائج کے مطابق لوک سبھا کے انتخابات میں ہیما مالنی، شتروگن سنہا، راج ببر، کنگنا رناوٹ اور یوسف پٹھان سمیت متعدد اداکار و اسپورٹس شخصیات کامیاب ہوئیں۔

انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق کنگنا رناوٹ نے ارونا چل پردیش، شتروگن سنہا نے مغربی بنگال، ہیما مالنی نے اترپردیش جب کہ روی کشن نے بھی اتر پردیش سے کامیابی حاصل کی۔

 اداکار سریش گوپی نے کیرالا، یوسف پٹھان اور اداکار کریٹی آزاد نے مغربی بنگال سے لوک سبھا کی نشستیں جیتیں۔

اداکار منوج تیواری نے دارالحکومت نئی دہلی، اداکارہ رچنا بینرجی، سایونی گھوش، ستابدی رائے اور دیپک ادھیکاری نے مغربی بنگال جب کہ راج ببر نے ہریانا سے نشست جیتی۔

لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لینے والے سبھی اداکار الیکشن نہیں جیت پائے۔ اداکار کرشنا کمار، مکیش، دنیش لال یادیو، رادھیکا سرتھ کمار، اگنی مترا پال، لاکٹ چٹرجی، دیویندرا جھجیا، ارون گوول اورپون سنگھ اپنی اپنی نشستیں ہار گئے۔

مزیدخبریں