ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کسانوں کو کھاد پر ڈائریکٹ سبسڈی، زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف؛ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ 

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی: وزیرِ اعظم کی معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات کی ہدایت۔ موجودہ وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لا کر ذیادہ سے ذیادہ عوامی ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔وزیرِ اعظم نے کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی پہنچانے کا دو ٹوک فیصلہ کر لیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت غریب و متوسط طبقے کیلئے بجٹ مین ریلیف پر اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف،اسحاق ڈار، احسن اقبال، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت. وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، معاونین خصوصی شزا فاطمہ اور قیصر شیخ کے علاوہ جدید فارمنگ کے ماہر احمد عمیر اور آئی ٹی کے شعبے سے آصف پیر نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی  کہ کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کیلئے ایک جامع پلان تشکیل دے کر پیش کیا جائے. وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی. ٹیوب ویلز کی سلورآئیزیشن سے ایندھن کا درآمدی بل کم ہوگا اور کسانوں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو گی.


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی. وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے. وزیرِ اعظم نے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ ملک بھر میں کوئی بھی مستحق بیوہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے باہر نہ رہے.  وزیرِ اعظم نے مزید ہدایت کی کہ مستحق طلباء و طالبات کو وظائف سے اعلی تعلیم و پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا.

 وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اس مقصد کیلئے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنارہی ہے۔ ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی.  وزیرِ اعظم یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر نوجوانون کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت فراہم کی جائے گی. 

 وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرکے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی.نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کرکے خود روزگاری میں سہولت فراہم کی جائے گی.

وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر پر تاسف کا اظہار کیا کہ گزشتہ حکومت کے چار سالہ سیاہ دور میں نوجوانوں میں نفرت و انتشار کے جذبات، ڈنڈے اور پیٹرول بم تھمائے گئے. انہوں نے کہا ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی یقینی بنائیں گے. 

 وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں.