(علی ساہی) گاڑی خرید کر اوپن لیٹر پر چلانے والے 7 لاکھ کار مالکان مشکل میں پڑگئے، رواں ماہ ٹرانسفر نہ کروائی تو اگلے ماہ بائیومیٹرک تصدیق کے بغیر گاڑی ٹرانسفر اور رجسٹرڈ نہیں ہوگی۔
محکمہ ایکسائز نے اگلے ماہ سے بائیو میٹرک تصدیق کے بعد گاڑی رجسٹرڈ اور ٹرانسفر کرنے کا نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام معاملات طے ہونے کے بعد نادرا نے 120 روپے فی تصدیق کی ڈیمانڈ کردی ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 15 ہزار ای سہولت مراکزموجود ہیں، جہاں شہری گاڑی کی بائیو میٹرک تصدیق کرواسکیں گے, ایکسائز کے تمام دفاتر میں بھی نادرا ای سہولت مراکزقائم کیے جائیں گے، خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد گاڑی ٹرانسفر ہوگی۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 7 لاکھ سے زائد گاڑیاں اوپن لیٹر پرچل رہی ہیں، بروقت ٹرانسفر نہ کروانے سے محکمے کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا ہے، بائیومیٹرک تصدیق کا سسٹم شروع کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔نادرا کی جانب سے بھجوائی گئی فیس کی تجویز کو کم کرنے کی درخواست کی گئی ہے، معاملات طے پانے کے بعد جلد ایم او یو پرسائن ہونگے، جولائی سے ٹرانسفر اور رجسٹریشن کیلئے بائیومیٹرک نظام شروع کردیا جائے گا۔