در نایاب: ایل ڈی اے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے ویلفیئر فنڈز سے کورونا ویکسین خریدنے کی کوشش ناکام، اٹھارہ سال سے زائد افراد کو ویکسین کی اجازت کے بعد ایل ڈی اے کو متنازعہ نوٹیفکیشن منسوخ کرنا پڑگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے اٹھارہ سال سے زائد افراد کو واک ان ویکسین کی اجازت کے بعد ایل ڈی اے کو اپنا متنازعہ نوٹیفکیشن منسوخ کرنا پڑگیا ہے۔ ایل ڈی اے نے سات کروڑ کے ویلفیئر فنڈز سے کورونا ویکسین خریدنے کا متنازعہ فیصلہ کیا تھا۔ ڈی جی ایل ڈی اے سے ایڈیشنل ڈی جی ہیڈ کوارٹر نے غیر منصفانہ فیصلے کی منظوری بھی لی تھی۔
ویلفیئر فنڈز کو کورونا فنڈ میں لگانے پر ایل ڈی اے کے بعض افسروں کو تحفظات تھے۔ ایل ڈی اے ملازمین کے بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم اور شادیوں کے فنڈز استعمال ہونا تھے ۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے بعض سینئر افسروں نے پرائیویٹ ویکسی نیشن کراکر اخراجات کی وصولی کے فیصلے سے مستفید ہونے کے لئے ویلفیئر فنڈ سے ویکسی نیشن کرانے کا فیصلہ کرایا تھا، جو حکومتی فیصلے کے بعد اب ٹھپ ہوگیا ہے۔